ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راہل گاندھی کا مرکزی وزیر خارجہ کو خط: سری لنکا میں قید 37 تمل ماہی گیروں کی رہائی کا مطالبہ

راہل گاندھی کا مرکزی وزیر خارجہ کو خط: سری لنکا میں قید 37 تمل ماہی گیروں کی رہائی کا مطالبہ

Sun, 29 Sep 2024 10:34:14    S.O. News Service

نئی دہلی، 29/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)سری لنکائی بحریہ کی جانب سے تمل ماہی گیروں کو اکثر حراست میں لیا جاتا ہے، اور ان کی رہائی کے لیے مختلف حلقوں سے آوازیں اٹھتی رہتی ہیں۔ اس بار راہل گاندھی نے ان ماہی گیروں کی حمایت میں آواز بلند کی ہے۔ حزب اختلاف کے لیڈر اور لوک سبھا کے رکن راہل گاندھی نے مرکزی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کو ایک خط لکھا ہے، جس میں انھوں نے سری لنکائی حکام سے بات چیت کر کے ماہی گیروں کی جلد رہائی اور ضبط شدہ کشتیوں کو واپس دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

راہل گاندھی اپنے خط میں لکھتے ہیں کہ ’’21 ستمبر 2024 کو سری لنکائی افسران نے 37 تمل ماہی گیروں کو گرفتار کر لیا اور ساتھ ہی ان کی کشتیوں کو بھی ضبط کر لیا تھا۔ مئیلادوتھورائی سے کانگریس رکن پارلیمنٹ آر. سدھا نے مجھے اس معاملے کی جانکاری دی۔‘‘ پھر وہ لکھتے ہیں کہ ’’گرفتار ماہی گیر چھوٹے پیمانے پر ساحل کے قریب کام کرتے ہیں۔ واقعہ والے دن انھوں نے مشکل میں پھنسی ایک سری لنکائی کشتی کو بچانے کی کوشش کی تھی۔ ماہی گیروں نے بچاؤ میں مدد کے لیے سری لنکائی افسران سے رابطہ کیا۔ اس کے باوجود سری لنکائی افسران نے ماہی گیروں کو بین الاقوامی سمندری سرحدی لائن پار کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ مچھلی پکڑنے والی وہ کشتیاں بھی ضبط کر لی گئیں جو اجتماعی وسائل کے ذریعہ سے خریدی گئی تھیں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی سے قبل تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے بھی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کو ایک خط لکھا تھا۔ اس خط میں انھوں نے کہا تھا کہ حال کے ہفتوں میں سری لنکائی افسران کی طرف سے تمل ناڈو کے ماہی گیروں کو حراست میں لینے کے معاملوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ اسٹالن نے ان سے ریاست کے ماہی گیروں کے روایتی حقوق کو برقرار رکھنے کے لیے ایک مستقل حل تلاش کرنے کے مقصد سے ضروری قدم اٹھانے کی گزارش بھی کی تھی۔


Share: